کاروار 22/جون (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے ایس پی نے تمام سرکل انسپکٹرس اور سب انسپکٹرس کو ہدایت نامہ بھیجا ہے کہ شراب پی کر گاڑیاں چلانے پر مقدمات درج کرنے اور سڑک حادثات میں 10%تک کمی لانے کی کوشش کریں۔
ایس پی کی طرف سے بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہر پولیس اسٹیشن کے حدود میں جان لیواحادثات میں 10%تک کمی لانے کے اقدامات کرنے کے لئے سپریم کورٹ کی رہنمائی میں قائم سڑک روڈ سیفٹی کمیٹی نے ہدایات جاری کی ہیں۔اس لئے جان لیوا حادثات اور سنگین زخمی ہونے والوں کی تمام تفصیلات24گھنٹوں کے اندر اعلیٰ افسران کو لازمی طور پر روانہ کرنا ہوگا۔بغیر ہیلمیٹ کے بائک سواری کے معاملات کومتعلقہ تھانوں میں نپٹانے کے علاوہ پولیس اورمحکمہ نقل وحمل اور دیگر محکمہ جات کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات اور بیداری مہمات کی تفصیل فراہم کرنی ہوگی۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اکثر وبیشتر حادثات پیش آنے والے مقامات’بلیک اسپاٹس‘ پر حادثات کی تعداد کم کرنے اور ایسے بلیک اسپاٹس کی تعداد کم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے ہونگے۔نیشنل ہائی وے او ردیگر سڑکوں کے کنارے غیرقانونی طور پر کھڑی کی گئی دکانوں کو ہٹانے کے لئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی جائیں۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کیے جائیں۔
ایس پی کی طرف سے بھیجے گئے سرکیولر میں اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کرنے پرکیس درج کرنے کے بعدمتعلقہ پولیس اسٹیشن کے افسران کی طرف سے ڈرائیونگ لائسنس رد کرنے کی سفارش کے معاملات بہت ہی کم آتے ہیں اور جہاں ایسی سفارش کی جاتی ہے وہاں پر اس کے لئے مکمل جواز درج نہیں کیا جاتا۔ اس لئے ایسے معاملوں کو بہت ہی سنجیدگی سے لیا جائے اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کی جب بھی سفارش کی جائے تو اس کے لئے ٹھوس جواز بھی بیان کیا جائے۔اس کے علاوہ آٹو رکشہ میں مقررہ تعداد سے زیاد ہ مسافروں کو لے جانے اور مال بردار گاڑیوں میں مسافروں کو لے جانے کے معاملات پر بھی پولیس افسران کو پوری طرح نگاہ رکھتے ہوئے ایسے معاملات میں سخت قانونی کارروائی کرنا چاہیے۔